کنکریاں مارنے کا وقت طلوعِ آفتاب سے شروع ہوتا ہے۔ لیکن سنت یہ ہے کہ سورج نکلنے کے کچھ دیر بعد دن کی روشنی میں بڑے جمرے کو کنکریاں ماری جائیں۔ حضرت جابر رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں: ’قربانی کے دن کے ابتدائی حصے میں (سورج نکلنے کے کچھ دیر بعد) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے اونٹ کی پشت پر سوار ہو کر جمرے کو کنکریاں ماری تھیں۔‘[1] سورج ڈھلنے سے پہلے تک یہ مسنون وقت رہتا ہے۔ سورج ڈھلنے سے لے کر 11 تاریخ کی صبح صادق سے پہلے تک کنکریاں مارنا جائز ہے۔ کمزور افراد، کمزوروں کے حکم میں آنے والوں اور خواتین کے لیے 10 تاریخ کی رات ہی، طلوعِ آفتاب سے پہلے فجر ہونے کے بعد کنکریاں مارنے کی گنجائش ہے۔ خلاصۂ کلام یہ ہے کہ 10 ذوالحجہ کو طلوعِ آفتاب سے لے کر 11 ذوالحجہ کی صبح صادق طلوع ہونے سے پہلے تک کنکریاں ماری جا سکتی ہیں؛ اس دوران جب بھی آسانی سے موقع ملے، کنکریاں مارنے چلے جائیں۔
[1]۔ ابوداؤد: 2/147۔